برسلز: بیلجیئم کے ایک ٹک ٹاکر ڈیوڈ بیرٹن نے اپنے خاندان کو رابطے میں رہنے کےلیے سبق سکھانے کی نیت سے اپنی ہی موت کا جھوٹا ڈرامہ کیا اور پھر ہیلی کاپٹر میں اپنے ہی جنازے میں پہنچ گیا۔ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹک ٹاک پر Ragnar le Fou کے نام سے مشہور 45 سالہ ڈیوڈ بیرٹن نے اس مذاق کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے افراد کے قریب نہ ہونے کی وجہ سے مایوس تھے۔ ڈیوڈ نے کہا "میں اپنے خاندان میں جو کچھ دیکھتا ہوں اکثر مجھے تکلیف دیتا ہے۔"
ڈیوڈ بارٹن نے گلہ کیا کہ انہیں کبھی کسی چیز کے لئےمدعو نہیں کیا گیا اور ہم سب الگ ہو گئے۔ اسی لیے میں انہیں زندگی کا سبق دینا چاہتا تھا اور انہیں دکھانا چاہتا تھا کہ آپ کو اس وقت تک انتظار نہیں کرنا چاہیے جب تک کہ کوئی ان سے ملنے کے لیے مر نہ جائے۔
ڈیوڈ بارٹن نے اپنی بیٹی اور بیوی کے ساتھ اس مذاق کا منصوبہ بنایا جنہوں نے اس کی حمایت کی اور مدد بھی کی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بیٹی نے سوشل میڈیا پر اپنے باپ کی موت کے بارے میں جعلی خبریں پھیلائیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ ان کے رشتہ داروں تک پہنچ جائے۔
اس کی آخری رسومات کے دن ڈیوڈ بارٹن ہیلی کاپٹر میں اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کو حیران کرنے پہنچ گئے اور کہا "آپ سب کو خوش آمدید، میرے جنازے میں خوش آمدید" ۔ اس کے بعد ویڈیو میں ڈیوڈ کو ارد گرد جمع ہوئے اپنے پیاروں کے ساتھ جذباتی لمحات اسے گلے لگاتے دیکھا گیا۔
ڈیوڈ بارٹن کے مطابق ان کے جنازے میں ان کے خاندان کے صرف آدھے افراد نے شرکت کی لیکن دیگر نے مذاق کے بعد ان سے رابطہ کیا۔اس حوالے سے بارٹن نے کہا "اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کون میری پرواہ کرتا ہے۔" بارٹن نے اس واقعہ کو ایک طرح سے اپنی جیت قرار دیا۔