اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے تشویشناک خبر ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 673 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 465 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث کئی شہروں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 22ہزار 259 میگاواٹ جبکہ بجلی کی مجموعی طلب 28 ہزار 724میگاواٹ ہے اور یوں شارٹ فال 6 ہزار 465 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پانی سے 5 ہزار 150 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 761 میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں سے مجموعی طور پر 12 ہزار 285 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار 148 میگاواٹ، سولرپلانٹس 500 میگاواٹ ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 178 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 1ہزار 238 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ اسلام آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے سے بڑھ کر 6 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔