ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹگ کی دعوت دی۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، رضوان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صہیب مقصود 5 رنز اور ریلی روسوو 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
شان مسعود نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکےاور 7 چوکے شامل تھے۔ جونسن چارلس نے بھی 24 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 2، محمد نواز، حسان خان اور ظاہر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔