ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی پاسپورٹ تجدید کی فوری سماعت سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں اپنے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس کی معیاد رواں برس ستمبر میں ختم ہورہی ہے۔ اپنی درخواست میں کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا تھا کہ انتظامیہ نے باندرا پولیس اسٹیشن میں متنازع ٹوئٹس کیس میں ایف آئی آر پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ان کے پاسپورٹ کی تجدید سے انکار کردیا ہے۔
کنگنا کی درخواست پر عدالت نے 25 جون کو کیس کی سماعت مقرر کی تھی۔ لیکن اداکارہ کنگنا رناوت نے عدالت سے اس کیس کی سماعت فوری کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ انہیں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے لیے سفر کرنے کی ضرورت ہے۔
کنگنا رناوت نے عدالت سے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں اور کام کے سلسلے میں انہیں ملک سے باہر جانا پڑتا ہے اور پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لہذا انہوں نے عالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت ان کے کیس کی فوری سماعت کرے۔
لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ بمبئی ہائی کورٹ نے اداکارہ کی پاسپورٹ تجدید کی درخواست کو ’مبہم‘ قرار دیتے ہوئےکیس کی فوری سماعت سے انکار کردیا ہے۔ جس میں حکام کو فریق کے طور پر شامل نہیں کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک فلم ہے اور فلم کی شوٹنگ کا شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔ اداکارہ کو اس معاملے میں مزید چوکس ہونا چاہئے تھا۔ اگر انہیں کوئی عجلت ہوتی تو وہ تمام تفصیلات کے ساتھ رابطہ کرتیں۔
عدالت کا مزید کہنا تھا کہ اداکارہ کنگنا کی درخواست ’مبہم‘ ہے۔ صرف ایک ہفتے کی بات ہے۔ جب کہ ایک فلم کی تیاری میں ایک سال تک لگتا ہے۔ عدالت نے کہا 25 جون کی تاریخ سب سے جلدی کی تاریخ ہے جو ہم کیس کی سماعت کے لیے دے سکتے ہیں۔