میٹرک اور انٹر کے اختیاری مضامین میں فیل ہونیوالے طلبا کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے

05:58 PM, 16 Jun, 2021

کراچی: سندھ میں میٹرک اور انٹر کے نتائج کا اعلان پیپرز کے 45 روز بعد کیا جائے گا جبکہ پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نہم اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جولائی میں دسویں کلاس کے امتحانات کے بعد نویں جماعت کے امتحانات لیے جائیں گے اور کلاس گیارہویں کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لیے جائیں گے۔

اسٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صرف اختیاری مضامین کے امتحانات ہوں گے اور امتحانات کے 45 روز بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کے بعد کیا جائے گا جبکہ رواں سال میٹرک اور انٹر میں پریکٹیکل امتحان تھیوری امتحانات کے بعد لیے جائیں گے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے جبکہ میٹرک اور انٹر میں اختیاری مضامین میں فیل ہونے والے طلبا کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں