لاہور: قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی کا امکان ، حکمران جماعت نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر اپنی حکمت عملی تیار کر لی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی بجٹ تقریر کے دوران ن لیگ کے شور شرابہ کا بدلہ لینے کے لیے حکمران جماعت نے بھی کمر کس لی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز بجٹ پر بحث کے دوران اپنی تقریر میں جب حکومتی پالیسیوں اور بجٹ کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے تو عین اُس وقت حکومتی ارکین اسمبلی لیگی قیادت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دیں گے ۔ اس کے علاوہ حکومتی ارکان اپوزیشن لیڈر کی نشست کا بھی گھیراؤ کریں گے ۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز کو چچا کی تقریر پسند نہیں تھی تو گروپ باہر چلا جاتا ، مریم نواز کے کہنے پر ان کے گروپ نے ہلڑبازی کی ، ہلڑبازی کراکے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو متاثر کیا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ نے کل پارلیمنٹ کو اکھاڑہ بنایا اور ملیکہ بخاری کو ٹارگٹ کر کے بجٹ بک ماری گئی ۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملیکہ بخاری کی بائیں آنکھ کا کارنیا متاثر ہوا ، ملیکہ بخاری کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو قیادت سمیت ایسے حملوں کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ ن لیگ نے جو زبان استعمال کی ایسی ہماری تربیت نہیں ۔