زرمبادلہ کے ذخائر میں 11 ماہ کے دوران 24.84 فیصدکی شرح سے بڑھوتری ہوئی، سٹیٹ بینک

Foreign exchange, reserves, Pakistan, SBP, PTI government

اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائرمیں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 24.84 فیصدکی شرح سے بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے۔

 
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 18.886 ارب ڈالرتھا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 12.132 ارب ڈالراور بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 6.754 ارب ڈالرتھا۔جاری مالی سال میں 4 جون 2021 تک زرمبادلہ کے ذخائرمیں 4.691 ارب ڈالرکانمایاں اضافہ ہواہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق 4 جون کو سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 16.414 ارب ڈالر اوربینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 7.163 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا۔جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں 24.84 فیصدکی شرح سے بڑھوتری ہوئی ہے۔

 
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے ایمیزون،علی بابا اور ای بے جسے بڑے ای کامرس پلیٹ فارمز کے ساتھ کاروبار میں آسانی ہو گی، ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔