اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو چچا کی تقریر پسند نہیں تھی تو گروپ باہر چلا جاتا ، مریم نواز کے کہنے پر ان کے گروپ نے ہلڑبازی کی ، ہلڑبازی کراکے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو متاثر کیا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ نے کل پارلیمنٹ کو اکھاڑہ بنایا اور ملیکہ بخاری کو ٹارگٹ کر کے بجٹ بک ماری گئی ۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملیکہ بخاری کی بائیں آنکھ کا کارنیا متاثر ہوا ، ملیکہ بخاری کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو قیادت سمیت ایسے حملوں کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ ن لیگ نے جو زبان استعمال کی ایسی ہماری تربیت نہیں ۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کی قانون سازی میں کوئی دلچسپی نہیں ، حکومت قانون سازی کرتی ہے تو اپوزیشن مگر مچھ کے آنسو بہاتی ہے ۔ قومی اسمبلی سے 110 بل منظور ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے دھاندلی روکی جاسکتی ہے ۔ پوری دنیا میں الیکٹرونگ مشینوں سے ووٹنگ ہوتی ہے ۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 2017 سے ن لیگ اور پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کے حوالے سے کیس چل رہا ہے ۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے تمام جماعتوں کی اسکروٹنی شفافیت سے ہو ۔ انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی کے بے شمار اجلاس ہو چکے ہیں لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے کوئی ریکارڈ جمع نہیں کرایا ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پارٹی فنڈنگ کا ابھی تک نہیں بتایا ۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے تاریخ رہی ہے ۔ ن لیگ نے تو اسامہ بن لادن سے بھی پیسے نکلوا لیے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ ہو گئے سکروٹنی کمیٹی نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو نہیں بلایا ، سکروٹنی کمیٹی کو درخواست دی ہے ہمیں بھی سنے ۔