نیو یارک: امریکی شہر شکاگو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں نا معلوم شخص نے لوگوں پر فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا میں فائرنگ کے دو واقعات میں 6 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے ۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ امریکی ریاست وسکونسن کے شہر کینوشا میں پیش آیا جس میں نامعلوم شخص نے ہوٹل میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگیا ۔
دوسرا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں پیش آیا جہاں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے ، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا کے شہر انڈیانا پولس میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 8 افراد کی جان لے لی تھی ۔ فائرنگ کا واقعہ امریکی شہر انڈیانا پولس ائیرپورٹ کے قریب پیش آیا ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی تھی ۔ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی تھی ۔