مسلح افواج کے سربراہان کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، اہم امور پر بریفنگ

مسلح افواج کے سربراہان کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، اہم امور پر بریفنگ
کیپشن: اعلیٰ عسکری قیادت نے پیشہ وارانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے معزز مہمانوں، مسلح افواج کے سربراہان کا استقبال کیا۔ اعلیٰ عسکری قیادت کو کنٹرول لائن، مقبوضہ کشمیر اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت نے پیشہ وارانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔