لداخ: چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپوں میں بھارتی افسر سمیت 3 فوجی مارے گئے۔بھارتی اور چینی افواج کے درمیان لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جھڑپیں گزشتہ رات ہوئیں جس میں ایک کرنل سمیت 2 بھارتی سپاہی ہلاک ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اور چینی افواج میں جھڑپیں گلوان ویلی کے علاقے میں ہوئیں۔
دوسری جانب چین نے فوجی تصادم کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا اور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔
علاوہ ازیں امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی ہلاکت گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھراؤ کے ذریعے لڑائی میں بھارتی فوجی مارے گئے۔ دونوں فوجوں میں گزشتہ ماہ بھی اسی طرح سنگ باری کے واقعات پیش آئے تھے جن میں دونوں جانب کئی اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے۔
بھارتی فوج اس واقعے پر مکمل طور پر خاموش ہے اور صرف یہ کہہ رہی ہے کہ وہ چین کے ساتھ تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔