کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 لیویز اہلکار شہید

03:55 PM, 16 Jun, 2018

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر کلی بنگلزئی کے قریب لیویز اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع کلی بنگلزئی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار شہید ہوگئے، واقعے کے فوری بعد امدادیں ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور لیویز اہلکاروں کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا۔

شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں سے 2 کی شناخت انور اور نصب اللہ کے نام سے ہوئی ہے , دوسری جانب واقعے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیال رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہیں جس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، 27 مئی کو کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 2 مبینہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں سال 28 فروری کو کوئٹہ کے علاقے درویش بلیلی میں دھماکے کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 14 فروری کو سریاب روڈ کے علاقے دکانی بابا میں نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ میں 18 جنوری کو دہشت گردی کے 2 واقعات پیش آئے تھے، پہلے واقعے میں شالکوٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے انسدادِ پولیو مہم کی خواتین رضاکاروں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 خواتین رضاکار جاں بحق ہوگئی تھیں۔

اسی روز دوسرا واقعہ ڈبل روڈ میں پیش آیا تھا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر تعینات 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
 

مزیدخبریں