سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد

10:25 AM, 16 Jun, 2018

اسلام آباد : سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر میں اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں ،برکتوں اور اللہ تعالیٰ کی عبادات کا مہینہ ہے، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اس ماہ مقدس میں روزے رکھنے،تلاوت کلام پاک اور عبادات اور ذکر الٰہی کی توفیق نصیب ہوئی۔

عید کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ روزہ صبروضبط اور تحمل و برداشت کا درس دیتا ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ صفات ہمارے قومی کردار کا حصہ بن جائیں اور ہم معاملات زندگی میں بھی انتہا پسندی اور عدم برداشت جیسے منفی رویوں سے نجات حاصل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کا پر مسرت دن شکر الٰہی کا بھی دن ہے جس نے ہمیں ماہ رمضان کی فیوض و برکات سے نوازا اور زندگی کی نعمتیں عطا فرمائیں۔ نوازشریف نے کہا کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے گردوپیش میں موجود غریبوں بیواوؤں، یتیموں اور ناداروں کا بھی خیال رکھنا چاہئے جو ان خوشیوں میں شریک ہونے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دفاع وطن اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جانبازوں کے لواحقین کو بھی نہیں بھولنا چاہئے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی استحکام اور ترقی و خوشحالی کو اپنی دعاو¿ں میں ضرور یاد رکھیں۔ نوازشریف نے قوم سے اپیل کی کہ پاکستان بھر کے مریضوں کیلئے شفائے کاملہ کیلئے ہاتھ اٹھاتے ہوئے میری اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی صحت اور سلامتی کو بھی اپنی دعاو¿ں میں شامل رکھیں۔

مزیدخبریں