اکیسویں فیفا ورلڈ کپ 2018ءمیں آج تین میچوں کا فیصلہ ہوگا

09:28 AM, 16 Jun, 2018

ماسکو : فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام روس میں جاری اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018ءمیں آج تین میچ کھیلے جائینگے۔

روس میں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں آج کا پہلا میچ گروپ سی میں شامل ٹیموں فرانس اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائیگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر پانچ بجے شروع ہوگا، دوسرا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں ارجنٹائن اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں پہنچنے والی آئس لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ تیسرا میچ گروپ سی میں شامل ٹیموں پیرو اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا جائیگا یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات گیارہ بجے شروع ہوگا ۔

میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 6 جولائی سے شروع ہوگا، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 جولائی کو کھیلا جائیگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو کھیلا جائیگا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 14 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 15 جولائی کو ہوگا۔ واضح رہے کہ جرمنی کی ٹیم میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے ۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنھیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

ایونٹ میں گروپ ایف میں عالمی چیمپئن جرمنی کو رکھا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 32ٹیموں میں گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب، مصر اور یوروگوئے شامل ہیں، گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراکش اور ایران شامل ہیںِ، گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک شامل ہیں، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجریا شامل ہی، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا شامل ہیں، گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور کوریا شامل ہیں، گروپ جی میں بیلجیئم، پانامہ، تیونس اور انگلینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔

مزیدخبریں