کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر سیکورٹی کے مجموعی اقدامات کو غیر معمولی بنائے جانے کے حوالے سے امام بارگاہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ سمیت دیگر ضروری امور کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ یوم علیؓ کی مناسبت سے ہونے والی تمام مجالس اور مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے لیئے تمام ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔
کراچی پولیس کی ایک رپورٹ میں آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ یوم علیؓ کے موقع پر شہر کے مختلف اضلاع اور ان کے تھانوں کی حدود میں مجموعی طور پر تقریباً 834 مجالس ہوں گی جبکہ برآمد ہونے والے جلوسوں کی تعداد کم و بیش 122 ہے۔
پولیس رپورٹس کے مطابق ایس ایس پیز ،ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور تھانہ جات کی نفری کے علاوہ مرکزی جلوس پر 5570 سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق رپورٹ میں آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ حیدرآباد، میر پور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد میں 650 سے زائد امام بارگاہوں پر یوم علیؓ کی مناسبت سے منعقدہ مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے حوالے سے اضافی نفری سمیت تھانہ جات کی نفری بھی تمام تر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے اور شہروں کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو مذید سخت کیا جائے جبکہ ہائی ویز پر اسنیپ چیکنگ اور مشتبہ مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کے عمل کو بھی مذید سخت کیا جائے۔