اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بنک توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات پروگرام کے لئے پاکستان کو تیس کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری طارق پاشا اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر Xiaohang Yang نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کئے۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔
معاہدے کے تحت بنک پاکستان کو توانائی کے شعبے میں افادیت، گنجائش اور پائیداری کے عمل میں بہتری کے لئے تعاون فراہم کرے گا جس کا مقصد معاشی ترقی کے عمل میں مدد دینا ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسعاق ڈار نے کہا کہ توانائی کا شعبہ اس پروگرام کا مرکزی نکتہ ہے اور اس شعبے میں بہتری کی کوشش کے ملک کی مجموعی معاشی ترقی پر اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال نومبر کے بعد کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک نے توانائی کے شعبے میں چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پاکستان میں اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا ہے۔ ایک سوال پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے کیونکہ پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں