اسلام آباد: غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر عہدیدار نے کہا اگر سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کو معزول کیا تو پارٹی نئے انتخابات کی طرف جانے کے بجائے آئندہ عام انتخابات تک نیا وزیراعظم منتخب کرے گی۔ قبل از وقت انتخابات کا آپشن جماعت میں پسندیدہ نہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم گزشتہ روز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور ان سے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا وزیراعظم کا کہنا تھا ایسا کوئی خاندان ملک میں ہے جس کی تین نسلوں کا بے رحمانہ احتساب ہوا ہو جبکہ مشرف کی آمریت نے ہمارا بے دردی سے احتساب کیا اور ہمارے گھروں پر بھی قبضہ کر لیا گیا تھا۔ آج پھر ہم نے اپنی حکومت میں خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اس کے باوجود مخالفین جتنے جتن کر لیں الزام لگا لیں ناکام و نا مراد ہوں گے۔
ادھر وزیراعظم نواز شریف کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جے آئی ٹی کے روبرو کل پیش ہوں گے۔ جے آئی ٹی نے انہیں ضروری دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے حدیبیہ پیپر ملز کے حوالے سے سوالات کیے جائیں گے۔
پاناما جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی 24 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ کیپٹن صفدر کو پیشی کے سمن موصول ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم کے بیٹے حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پانچ مرتبہ جبکہ حسن نواز بھی دو دفعہ جوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں