راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، کارروائی کے دوران دھرتی کے 8 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کنٹونمنٹ پر گزشتہ روز 10 دہشت گردوں کے گروپ نے حملہ کیا۔ خودکش حملے میں بنوں کنٹونمنٹ کی دیوار کا ایک حصہ مسمار ہو گیا اور وطن کے آٹھ سپوت جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے آپریشن کرتے ہوئےتمام دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا اوربڑی تباہی سے بچا لیا۔ شہداء میں نائب صوبیدار محمد شہزاد ،حوالدار ظل حسین ،حوالدار شہزاد احمد سپاہی، اشفاق حسین سپاہی سبحان مجید ،سپاہی امتیاز خان ،سپاہی ارسلان اسلم اور لانس نائک سبز علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے، جو افغانستان سے کام کرتا ہے اور ماضی میں بھی پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔ پاکستان نے افغان حکومت کے ساتھ مسلسل اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہےاور کہا ہےکہ وہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے اور اور ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے۔