سیول :جنوبی کوریا میں شدید بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 10 لاپتہ ہوگئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں اس وقت شدید بارشیں ہورہی ہیں اور سیلابی صورتحال ہے اس وجہ سےلینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے اور کم از کم 35 افراد ہلاک اور 10 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے ایک بڑا ڈیم گنجائش سے زیادہ بھر چکا ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ شدید بارشوں میں زیادہ تر مٹی کے تودے گرنے سے یا پانی کے ذخیرے میں پھنسنے کی وجہ سے 35 افراد ہلاک اور دیگر 10 لاپتہ ہیں۔ شمالی صوبے چنگ چیونگ کے علاقے چیونگجو میں 430 میٹر زیرزمین سرنگ میں پھنسی 10 سے زائد کاروں تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سرنگ سے 8 لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور غوطہ خور مزید متاثرین کی تلاش میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول، جو اس وقت بیرون ملک دورے پر ہیں، ان کے دفتر نے بتایا کہ صدر نے اپنے معاونین کے ساتھ شدید بارشوں اور سیلاب سے متعلق حکومتی اقدامات کے بارے میں ایک ہنگامی اجلاس کیا ہے۔