چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا،مدت ختم ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے تو نگران سیٹ اپ آئے گا: حمزہ شہباز

06:56 PM, 16 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:ن لیگ کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کاکہنا ہےکہ  پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ   آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک ڈیفالٹ کر سکتا تھا، حکومت کی کوشش رہی کہ ملک ڈیفالٹ نہ کرے۔  اگر وزیر اعظم آئی ایم ایف ایم ڈی سے ملاقات نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، ہماری حکومت نے 15 ماہ سابق حکومت کی غلطیاں سدھارنے کی کوشش کی۔

 چیئرمین پی ٹی آئی نے جاتے ہوئے پٹرول سستا کر کے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا۔  انہوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا، ملک اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو معاشی پالیسیوں کے تسلسل کا معاہدہ کرنا چاہیے۔

ان کاکہنا تھا کہ کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ عوام مہنگائی کا سامنا نہیں کر رہے ہیں۔  بطور سیاسی ورکر سمجھتا ہوں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر کے جائے گی۔  مدت ختم ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے تو نگران سیٹ اپ آئے گا، آئین و جمہوریت کو آگے لیکر جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ملک کا مستقبل شفاف انتخابات میں ہے، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا یہ اس کی ذمہ داری ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور سیاست ہے، کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، نو مئی کو شہدا کی بے حرمتی کی گئی، یادگاروں کو توڑا گیا، ریاستی اداروں پر حملہ کیا گیا، ایسے مجرمانہ عمل تب رکیں گے جب ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

مزیدخبریں