امریکہ: الاسکا میں  7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

امریکہ: الاسکا میں  7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری
سورس: File

جوناؤ:  الاسکا جزیرہ نما کے علاقے میں آج 7.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد امریکی ریاست کے بعض علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔


ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق  زلزلہ  9.3 کلومیٹر (5.78 میل) کی گہرائی میں تھا۔


الاسکا زلزلہ مرکز نے کہا کہ زلزلے کے جھٹکے جزیرہ نما الاسکا، الیوٹین جزائر اور کک انلیٹ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

الاسکا زلزلہ کے لحاظ سے فعال پیسیفک رنگ آف فائر کا حصہ ہے۔ رنگ آف فائر بحرالکاہل کے کنارے کے ارد گرد ایک ایسا علاقہ ہے جہاں بہت سے آتش فشاں پھٹتے ہیں اور بے انتہا زلزلے آتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ الاسکا مارچ 1964 میں 9.2 شدت کے زلزلے سے متاثر ہوا تھا، جو شمالی امریکہ میں اب تک کا سب سے شدید زلزلہ تھا۔ اس نے الاسکا کے شہر اینکریج کو بری طرح  تباہ کیا اور ایک سونامی کو جنم دیا تھا جس نے خلیج الاسکا، امریکی مغربی ساحل اور ہوائی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مصنف کے بارے میں