اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں، وہ ناکام اور مسترد ہو چکے ہیں۔ عمران خان نے اپنی گھر والیوں سے ڈاکے ڈلوائے، بنی گالا کو منی گالا بنایا، چار سال فرح گوگی پنکی کوریڈور چلتا رہا پی ٹی آئی دور میں آزادی صحافت پر قدغنیں لگائی گئیں، مرد و خواتین صحافیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر گھٹیا مہمات چلائی گئیں۔
پنجاب کے ضمنی انتخاب میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے والی جماعت کامیاب ہوگی، حلقوں سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزاء ہیں، پنجاب کا ضمنی انتخاب پی ٹی آئی کے سیاسی بیانیہ اور سیاست کو دفن کر دے گا۔ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو جو ذمہ داری سونپی تھی، مریم نواز نے اسے مثالی طریقے سے نبھایا،
مریم نواز کی شاندار مہم کے باعث مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں جوش و خروش رہا، حلقوں سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزاء ہیں۔ عمران خان کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج عمران خان نے اپنی تقریر میں اپنی شکست کو تسلیم کیا ہے، عمران خان جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ ان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں، ایسا تب ہوتا ہے کہ جب انسان گھبرایا ہوا، ہارا ہوا، مسترد شدہ اور ناکام ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ یہ چاروں چیزیں ان میں موجود ہیں، وہ مسترد اور ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان کی دی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، عمران خان نے چار سالوں کے دوران ملک میں عوام کو تکلیف کے سوا کچھ نہیں دیا، انہوں نے ملک کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں اس جماعت کی فتح ہوگی جس نے ہمیشہ پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالا اور معاشی استحکام کی طرف لے کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کو مہنگائی کے طوفان سے نکال کر مہنگائی کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیاں پھیلا سکتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہی ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دلایا،
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑی اور ملک کا امن بحال کیا، یہی وہ جماعت ہے جس نے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا، معیشت کو درست کیا، خطے میں سی پیک دیا۔ عمران خان جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے چار سالوں میں بجلی میں ایک میگاواٹ کا اضافہ نہیں کیا، وہ ایک کلو میٹر سڑک تک نہیں بنا سکے، عوام سے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے جھوٹے وعدے کئے، انہوں نے اپنے دور میں ایک یونیورسٹی اور ہسپتال تک نہیں بنایا، یہی وجہ ہے کہ وہ آج اپنے کسی بھی خطاب میں کسی ایک کام کا تذکرہ تک نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عادی جھوٹے اور ناکام شخص ہیں، وہ صرف جھوٹ بولنا جانتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میرے دور میں میڈیا سب سے زیادہ آزاد تھا، میڈیا پر کوئی پابندی اور سینسر شپ نہیں تھی، رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز کی رپورٹ ہے کہ عمران خان کے دور میں میڈیا پر قدغنیں لگیں، عمران خان کے دور میں میڈیا اداروں پر پابندیاں لگائی گئیں، چینلز کو بند کیا گیا، یہاں رپورٹرز کی زندگیوں کو خطرات تھے، عمران خان صحافیوں کو دھمکاتے تھے کہ اگر ان کے خلاف کوئی خبر شائع کی تو صحافی کو زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز کی رپورٹ عمران خان کا اصل اعمال نامہ ہے، ہیومن رائٹس واچ کی اگست 2019ء کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے دور میں ٹی وی چینلز کے پروگرام بند کئے گئے، کیپیٹل ٹی وی، جیو نیوز اور دیگر چینلز کے پروگراموں کو بند کیا گیا، جو چینل پروگرام بند نہیں کرتا، اس کے رپورٹرز اور عملہ پر اٹیک کئے جاتے۔ ہیومن رائٹس واچ کی یہ رپورٹ انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی این کی فروری 2021ء کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے دور میں 10 صحافی قتل ہوئے اور متعدد گرفتار ہوئے، صحافیوں کو سینسر شپ کے ذریعے ڈیتھ تھریٹ دے کر ملک میں چار سال سینسر شپ کی گئی، جو صحافی بات نہیں مانتا تھا اسے جیل میں ڈال دیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں میر شکیل الرحمان کو نیب کی حراست میں رکھ کر باقی چینلز کو پیغام دیا گیا کہ اگر ہم ان کے ساتھ یہ کر سکتے ہیں تو آپ کس باغ کی مولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حامد میر ان کو پسند نہیں آئے تو انہیں آف ایئر کر دیا گیا، ابصار عالم کو ان کے گھر کے قریب پیٹ میں گولیاں ماری گئیں، مطیع اللہ جان کو اپنی بیٹی کے سکول کے باہر سے اغواء کیا گیا، اسد طور کے گھر میں گھس کر بازو توڑے گئے، خواتین صحافیوں پر تابڑ توڑ حملے کئے گئے، سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہمات چلائی گئیں، غریدہ فاروقی کے بارے میں سوشل میڈیا مہم چلائی گئی، محسن بیگ نے جب ان کی کرپشن پر آواز بلند کی تو ان کی ناک کی ہڈی توڑی گئی، سب سے پہلے طلعت حسین عمران خان کی آمرانہ سوچ کا شکار ہوئے، عاصمہ شیرازی، غریدہ فاروقی اور امبر شمسی جیسی پروفیشنل صحافیوں کے خلاف انہوں نے سوشل میڈیا کمپینز چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں سینسر شپ پر آرٹیکلز لکھے جا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں صحافیوں کو سلام پیش کرتی ہوں جو عمران خان کے کڑے دور میں ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آتے ہی اپنے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں پیسا، عمران خان کہتے ہیں کہ وہ آزادی اظہار رائے کے پیرو کار ہیں،
انہیں ڈر نہیں لگتا جبکہ حقیقت میں عمران خان اتنے بزدل ہیں کہ انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز کی آواز کو ٹی وی سکرین پر بند کیا، شہباز شریف جب کورٹ آتے تھے عمران خان انتظامیہ کو حکم دیتے کہ لائوڈ اسپیکر پر اتنا اونچا بولو کہ شہباز شریف کی آواز کوئی سن نہ سکے، عمران خان کے دور میں پی ایف یو جے نے احتجاج کیا اور خدا کا واسطہ دیا کہ ہماری زبانیں کھولی جائیں، ہمیں بولنے کا حق دیا جائے۔ عمران خان کے دور میں صحافتی تنظیموں کے احتجاج ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو فیک نیوز سے ڈر تھا لیکن ان کی اپنی پوری سیاست فیک تھی، فیک نیوز کی بات ہوتی تو وہ فیک نیوز پر قانون لاتے لیکن انہوں نے میڈیا کی آزادی دبانے کے لئے قانون لانے کی کوشش کی جسے ہم نے ریورس کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چار سال تک حکومت میں رہے، انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو ٹی وی سکرین سے آف ایئر کیا، عمران خان نے تمام ریاستی اداروں کو مفلوج کیا، وزیراعظم ہائوس کو اغواء کاروں کا اڈہ بنایا اور اپنے سیاسی عزائم پورے کئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں صرف الزامات عائد کئے لیکن ایک الزام وہ ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرح گھر کی عورتوں سے چوری کسی نے نہیں کرائی، بشریٰ بی بی نے اپنی فرنٹ مین فرح گوگی کے ذریعے چوری کروائی اور عمران خان اس طرح لیکچر دیتے ہیں کہ وہ بہت پارسا ہیں لیکن وہ جب بھی منہ کھولتے ہیں تو گالی دیتے ہیں، اپنے سیاسی مخالفین کو دھمکاتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمشنر سے چور دروازے سے ملاقات کی درخواستیں کرتے رہے، جب ون آن ون ملاقات نہیں ہو سکی تو عمران خان نے الیکشن کمیشن پر یلغار کر دی، عمران خان چور دروازے سے ملاقاتوں کے عادی ہیں۔ آج وہ الیکشن کمیشن پر اس لئے اٹیک کر رہے ہیں کہ فارن فنڈنگ کا کیس محفوظ ہو چکا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ وہ پنجاب میں 20 نشستوں سے محروم ہو گئے ہیں، آج انہیں معلوم ہے کہ ملک میں صاف و شفاف انتخاب ہو رہا ہے، اب پنجاب میں فرح گوگی اور بزدار نہیں جو ان کو بدعنوانی سے الیکشن جتوانے میں مدد کر سکیں، آج ان کے پاس اختیار نہیں کہ الیکشن کمیشن کے عملے اور بیلٹ باکس اٹھا سکیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پیسے دے کر شناختی کارڈ اور ووٹ خریدے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن چوری اور دھاندلی کے عادی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو فساد اور غنڈہ گردی کے لئے پنجاب روانہ کیا، وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بھائیوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، پولنگ اسٹیشنز سے عملہ اور ڈبے نہیں اٹھا سکتے تو یہ اب فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے پولنگ اسٹیشن پر فساد اور غنڈہ گردی کرنے کی کوشش کی تو قانون اپنا راستہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ذہنیت فساد اور انتشار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چار سال ملک کے وزیراعظم رہے اور گھر والیوں سے ملک لوٹتے رہے، بشریٰ بی بی نے اپنے سوشل میڈیا کو ہدایت کی کہ اگر کوئی ہماری کرپشن پر بات کرے تو اسے غدداری سے لنک کرو، انہیں شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے منہ سے اخلاقیات کی بات اچھی نہیں لگتی، ان کی اپنی زبان اوئے اور گالم گلوچ سے شروع ہوتی ہے، جس شخص کی زبان بیٹیوں اور بہنوں کی تضحیک کرے، وہ اخلاقیات کی بات کیسے کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے اعمال اور ان کی چار سالہ کارکردگی کو دیکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام عقل اور شعور رکھتی ہے، پاکستان کے عوام اس فرق کو سمجھتے ہیں کہ کون ملک کو ترقی دینے والے ہیں اور کون ملک کو دیوالیہ کا شکار کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیر دوائی، آٹا، چینی، ایل این جی، بجلی اور درختوں کی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے لیکن انہوں نے کسی کو سزا نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی گھر والیوں اور وزراء سے ڈاکے ڈلوائے، بنی گالا کو منی گالا بنوایا، چار سال گوگی پنکی کوریڈور چلتا رہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو سپریم کورٹ نے آئین شکن اور آئین کا مجرم قرار دیا ہے، وہ ملک کی تاریخ کے پہلے سیاستدان ہیں جو آئین شکنی کا سرٹیفیکیٹ لے کر مسترد ہوئے اور ایوان سے نکالے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا ہوگا کہ تین اپریل کو عدالتیں کیوں کھلیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے سائفر کا سہارا لیا لیکن وہ سپریم کورٹ میں سائفر پیش نہیں کر سکے۔ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ اگر 8 مارچ کو سائفر ملا تھا تو عمران خان وزیراعظم تھے، انہوں نے اس کی تحقیقات کیوں نہیں کروائی، عوام کو کیوں نہیں بتایا، الیکشن کیوں نہیں کروایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اور صرف اپنے اقتدار کو بچانا چاہتے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں فساد کرنے کی کوشش کی تو قانون اپنا راستہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا فساد اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔
وفاقی اور صوبائی داخلہ کی وزارتیں الیکشن کی مکمل مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس میڈیا کا شکر ادا کرنا چاہئے جس کی آواز انہوں نے اپنے دور میں بند کی اور وہ میڈیا ان کی دو دو گھنٹے تقاریر نشر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا جھوٹ بولیں گے اتنی ان کی اصلیت عوام کے سامنے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں پی ایم ہائوس میں طیبہ گل کو اغواء کر کے رکھا گیا، چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، اداروں کو کمپرومائز کیا گیا، سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنائے گئے، یہ ایسا جرم ہے جس پر عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر اب عوام پر اثر انداز نہیں ہوں گی، اب وقت گذر چکا ہے، آپ صرف اپنے آپ سے باتیں کرتے ہیں، پاکستان کے عوام ان کی بات نہیں سنتی، عوام نے عمران خان کے چار سالوں میں بھوک، افلاس اور بے روزگاری دیکھی ہے۔ انشاء اللہ کل کا الیکشن پی ٹی آئی کے سیاسی بیانیہ اور سیاست کو دفن کر دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقبول گجر کو پنجاب میں بلا کر غنڈہ گردی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا سے لوگوں کو پنجاب بھیج کر پولنگ اسٹیشنوں پر غنڈہ گردی کا پلان بنایا جا رہا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اداروں اور پاکستان کی ریاست کے خلاف بیانات آزادی اظہار رائے کے زمرے میں نہیں آتے، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، سزائیں بھی دی جا رہی ہیں۔ آئین کی حدود وضع ہے، اس کو کراس نہیں کرنا چاہئے، آئین شکنی ہوئی تو قانون بھی اپنا راستہ لے گا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جب انتخابات تھے تو الیکشن کمیشن سے خط جاری ہوا کہ کوئی وزیر الیکشن مہم میں شرکت نہیں کر سکتا لیکن عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں، خود بھی الیکشن مہمات میں شامل ہوئے اور منصوبوں کا اعلان کرتے رہے، الیکشن کمیشن کو دھمکاتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء نے الیکشن کمیشن کے احترام میں استعفے دیئے تاکہ کوئی اس الیکشن پر سوال نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومتیں اس الیکشن کو پرامن، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے سری لنکا والے حالات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جب انہوں نے اپنی سیاست اور اقتدار کو بچانے کے لئے بارودی سرنگیں بچھائیں تو یہی کام سری لنکا نے بھی کیا،
آج سری لنکا میں جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم آج ملک میں ایسی حکومت موجود ہے جو ملک کو ترقی دینا جانتی ہے، پاکستان کے عوام کو ایک مرتبہ پھر اس راستے پر ڈالے گی جو خوشحالی اور ترقی کا راستہ ہوگا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اپنے آپ سے باتیں کر رہے ہیں، عمران خان کے طبلچی ان کی تقریر سننے کے بعد ڈھول بجانا شروع کر دیتے ہیں، پاکستان کے عوام کو ان کی باتوں سے کوئی غرض نہیں، نہ وہ لوگ سن رہے ہیں جنہیں عمران خان سنانا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کے اندر تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں کام کر رہے ہیں۔
صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں جان بوجھ کر میڈیا اداروں کی ادائیگیاں روکی گئیں، ہم نے دو مہینے میں ادائیگیاں کلیئر کر دی ہیں، پی آئی ڈی کے اندر ٹول فری نمبر جاری کیا جا رہا ہے، جن ورکنگ جرنلسٹس کو تنخواہوں سے متعلق مسئلہ ہے، اسے فوری رپورٹ کیا جائے، جو ادارہ اپنے ورکنگ جرنلسٹس کو تنخواہ نہیں دے گا اس کو پی آئی ڈی پیسے جاری نہیں کرے گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے فون ٹیپ کرنے کی اجازت خود ایک ٹاک شو میں دی، انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وزیراعظم کی نگرانی ہونی چاہئے۔ آج وہ اپنے فون ٹیپ کرنے کی شکایت کر رہے ہیں تو اس کی اجازت بھی انہوں نے خود دی۔