لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعظم پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی ائیر لائن پی آئی اے اور پاکستان ریلوے نے یہ فائدہ اپنے مسافروں تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں کی دونوں کلاسز کے کرایوں میں 10 فیصد رعایت اور پاکستان ریلویز کے اکانومی کلاس کے کرایوں میں بھی 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے ۔
فیصلوں کا اطلاق ان شاء اللہ 17 جولائی سے اگلے 30 روز کے لیے ہو گا ۔ کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا ۔
رپورٹ کے مطابق ریلوے میں 94 فیصد جبکہ پی آئی اے میں 90 فیصد سے زائد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں ۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قیمت 18 روپے 50 پیسے کمی کے بعد 230 روپے ، ڈیزل کی قیمت 40 روپے 54 پیسے کمی کے بعد 236 روپے ہوگئی ۔ جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 33 روپے 81 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد قیمت 196 روپے 45 پیسے ہوگئی ۔ لائٹ ڈیزل 34 روپے 71 پیسے کم ہو کر 191 روپے 44 پیسے ہوگیا ہے ۔