لندن: پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کے حوالے سے لندن ہائی کورٹ نے برطانوی حکومت کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
لندن ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ برطانوی حکومت ہی کر سکتی ہے اور وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کے فیصلے درست ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کے برطانوی حکومت کے فیصلے کے خلاف بیرسٹر زہاب جمالی سمیت 3 پاکستانیوں نے سے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
لندن ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان میں کیسز کم ہونے کے باوجود بھارت سے پہلے کیوں ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں برطانیہ نے 9 اپریل سے پاکستان سمیت 4 ممالک کو پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا تھا۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ 9 اپریل سے برطانیہ میں شروع ہونے والی سفری پابندیوں میں پاکستان بھی شامل ہو گا۔
کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانوی حکومت نے کووڈ-19 کیسز پر متعلق نظرثانی کے بعد سرحدی حدود میں داخلے کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا لہذا یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ پاکستان کو برطانیہ کی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔