گزشتہ الیکشن میں دو سیٹیں لینے والوں کو آج جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں :مریم نواز 

08:01 PM, 16 Jul, 2021

بھمبر:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا آزاد کشمیر اور بھمبر کے ساتھ مریم نواز کا خون کا رشتہ ہے،آزادکشمیر میں آپ نے نوازشریف کو خدمت کا موقع دیا تھا،2011 میں نوازشریف کے ساتھ آزاد کشمیر آتی تھی تو کہیں سڑک کا نشان نہیں تھا،آج پورے آزاد کشمیر میں لیپہ ویلی تک کارپٹڈ سڑکیں بنی ہوئی ہیں،اگر عوام نے نوازشریف کو دوبارہ موقع دیا تو یہ کارپٹڈ روڈ موٹر ویز میں بدل جائیں گی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا بھمبر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا نوازشریف نے پچھلے الیکشن میں آزاد کشمیر سےدوتہائی اکثریت حاصل کی تھی،پچھلے الیکشن میں یہاں سے 2 سیٹیں لینے والوں کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں،پورے آزاد کشمیر میں نوازشریف کا نام گونجتا ہے اور وہ سب ان سے پیار کرتے ہیں،2 سیٹوں والا سلیکٹڈ آزاد کشمیر آیا تو اسے کہنا اپنی 3 سالہ کارکردگی لے کر آؤ۔

مریم نوازنے کہا بھمبر کے عوام کی طرف سے پیغام دیتی ہوں جب کشمیر کی دھرتی پر قدم رکھیں تو رپورٹ کارڈ ساتھ لائیں،عمران خان بتائیں انہوں نے 3 سال میں ترقی کے کتنے ریکارڈ توڑے ہیں،اس نااہل حکومت کا حال یہ ہے مہنگائی اور بیروزگاری میں اپنا ریکارڈ خود توڑتی ہے،آزادکشمیر کے عوام گو نیازی گو کا نعرہ لگاتے ہیں اسی وجہ سے وہ یہاں نہیں آتے،انہیں اتنا غصہ ہے کبھی کشمیریوں کو بکنے اور جھکنے والے کہتے ہیں،آزاد کشمیر حکومت سے کہتی ہوں وزیرامور کشمیر اور ان کے حواریوں کو گرفتار کیا جائے۔

حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پاکستان میں آج پٹرول 73 سال کی بلند ترین سطح 118 روپے پر ہے،عوام اب اپنی گاڑیوں یا موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوائیں یا بچوں کیلئے روٹی لیں،اگر روٹی لیتے ہیں تو دوائیں ان کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں،آج ملک میں چینی،آٹا،گھی مہنگے ہوچکے ہیں،کوئی پوچھنے والا نہیں،جب عوام قربانی کا جانور خریدنے مویشی منڈی جاتی ہے تو جھولیاں اٹھاکر انہیں بددعائیں دیتی ہے،یہ نااہل حکمران ہیں،انہوں نے روزی روٹی تو چھینی ہی تھی قربانی کی استطاعت بھی چھین لی۔

مزیدخبریں