اسلام آباد:مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ایک کے بعد ایک بُری خبر سامنے آنے لگی ،پٹرول بم کے بعد عوام کو بجلی کا جھٹکا دینے کی تیاریاں کر لی گئیں ،ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔
سی پی پی اے نے جون کی ایڈجسٹمنٹ مد میں درخواست نیپرا میں دائر کر دی ہے ،نیپرا درخواست پر 28 جولائی کو سماعت کرے گا ۔
سی پی پی اے کے مطابق جون میں پانی سے 29.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی،کوئلہ سے 18.03 ، ایل این جی سے 18.81 فیصد ، فرنس آئل 8.18 اور ڈیزل سے 0.43 فیصد بجلی پیدا کی گئی ۔
واضح رہے دوسری طرف سینیٹ نے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کی ریگولیشن میں ترمیم کا بل منظور کر لیا ہے جس کے تحت صارفین کے مفاد میں نیشنل الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (نیپرا) بجلی ترسیل سے وابستہ پبلک سیکٹر لائسنس یافتہ کمپنی کیلئے یکساں ٹیرف مقرر کرے گا جبکہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن 30 روز کے اندر جاری ہو گا۔
وفاقی حکومت نیپرا کے مقرر کردہ ٹیرف کا نوٹیفکیشن مقررہ وقت میں جاری نہیں کرتی یا نظر ثانی کا نہیں کہتی تو نیپرا اپنی سفارش کے فوری اطلاق کی تجویز دے سکتی ہے۔
وفاقی حکومت 30 روز کے اندر نیپرا کو ٹیرف پر نظر ثانی کا کہہ سکتی ہے، نیپرا سہ ماہی بنیاد پر منظور شدہ ٹیرف میں ٹرانسمیشن چارجز، تقسیم کے نقصانات ، مرمت کی مد میں ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔