ابوظہبی : کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے ابوظہبی کے مقامی حکام نے ریستورانوں ، کیفوں ، کاپی شاپس اور پارکوں کے لیے صارفین اور سیاحوں کی نئی حد مقرر کردی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے بتایا کہ پیر کی صبح سے ریستورانوں ، کیفوں ، ساحلوں اور پارکوں کی کیپستی صرف پچاس فیصد ہوگی۔ اگر کسی ریستوران ، کیفے یا پارک میں 100 افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہے تو وہاں اب صرف 50 لوگ یا صارف بیٹھ سکیں گے۔ فروری میں یہ حد 60 فیصد تک بڑھا دی گئی تھی۔
پبلک بسوں میں مسافروں کی تعداد 75 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کردی گئی ہے جبکہ متبادل سیٹوں کا نظام پہلے سے ہی نافذ ہے اور ضرب کے نشان والی سیٹ پر بیٹھنے والے مسافر پر تین ہزار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پانچ سیٹوں والی ٹیکسی میں زیادہ سے زیادہ تین مسافر بیٹھنے کی اجازت ہوگی جبکہ سات سیٹوں والی ٹیکسی میں زیادہ سے زیادہ چار مسافروں کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے پہلے ٹیکسیاں 45 فیصد گنجائش پر چل رہی تھی۔
شاپنگ مالز کی گنجائش 40 فیصد رہے گی سینما گھروں کی گنجائش 30 فیصد اور نجی ساحل اور سوئنمنگ پول 50 فیصد گنجائش پر ہی کام کریں گے۔
ابوظہبی میں سٹرلائزیشن پروگرام کا آغاز کیا جائے گا اور شہریوں کو درمیان شب سے صبح پانچ تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم ابوظہبی پولیس سے اجازت نامہ حاصل کرکے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔