دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ تشکیل دیدئیے ہیں اور پاکستان و بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے بنائے گئے گروپس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ساتھ سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہیں، ان دونوں ٹیموں کے علاوہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں بھی اسی گروپ کا حصہ ہیں جبکہ گروپ ٹو میں مزید 2 کوالیفائر ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔
سپر 12 کے گروپ ون میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے علاوہ دو کوالیفائر ٹیمیں بھی ہیں۔ راؤنڈ ون کے گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدر لینڈز اور نمیبیا شامل ہیں، راؤنڈ ون کے گروپ بی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور عمان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے شروع ہورہا ہے اور اس کے میچز عمان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھارتی بورڈ کی میزبانی میں کرائے جائیں گے۔