سعودی عرب نے رواں برس حج کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں

03:07 PM, 16 Jul, 2021

ریاض: سعودی عرب نے رواں برس حج کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ حج کے ارکان کا آغاز 17 جولائی کی رات سے ہو گا ۔

خیال رہے کہ رواں برس سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار ملکی و غیر ملکی شہری حج کا فریضہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں گے ۔ مکہ مکرمہ میں عازمین کی آمد کا سلسلہ ہفتے سے شروع ہو گا ۔

 اس سے قبل سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال عازمین حج کے استقبال کیلئے مکہ مکرمہ میں چار مراکز تیار کئے جبکہ مسجد الحرام جانے سے قبل حجاج کرام کا النواریة ، الزایدی ، الشرائع اور الھدا میں خیر مقدم کیا جائے گا اور ان کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے ۔

نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کے مطابق وزارت نے استقبالیہ مراکز میں عازمین کے استقبال کے تین طریقہ کار متعین کئے ہیں ۔ پہلا طریقہ یہ ہو گا کہ جو عازمین حج کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے وزارت کی منظور شدہ بسوں سے پہنچیں گے ، ان کے اجازت نامے چیک کئے جائیں گے ، سمارٹ کارڈ ’شعائر‘ کی ریڈنگ کی جائے گی پھر انہیں بسوں سے مسجد الحرام پہنچایا جائے گا جہاں وہ طواف قدوم کریں گے جبکہ بسیں ان کا سامان لے کر خیمے کا رخ کریں گی ۔

دوسرے طریقہ کار کے تحت کمپنیوں کی بسوں سے استقبالیہ مرکز پہنچنے والے عازمین حج کا خیر مقدم مرکز میں کیا جائے گا اور پھر انہیں مقررہ بسوں سے مسجد الحرام لے جایا جائے گا۔ تیسرا طریقہ کار، پرائیویٹ گاڑیوں سے انفرادی شکل میں آنے والے عازمین کے حوالے سے ہے جن کا سامان کمپنی کے حوالے کرنے کے بعد انہیں مقررہ بسوں سے مسجد الحرام لے جایا جائے گا جہاں وہ طواف قدوم کریں گے جبکہ ان کا سامان متعلقہ کمپنی خیمے میں پہنچائے گی ۔

ڈاکٹر مشاط نے بتایا کہ مکہ مکرمہ سے حج کرنے والے طواف قدوم نہیں کریں گے بلکہ وہ مقررہ وقت پر استقبالیہ مراکز پہنچیں گے جہاں سے انہیں ان کے سامان کے ساتھ منیٰ پہنچا دیا جائے گا ۔ استقبالیہ مراکز میں عازمین کے خیر مقدم کا آغاز 7 اور 8 ذی الحجہ کو ہوگا اور اس حوالے سے تمام حجاج کو قافلوں کی سکیم پروگرام سے آگاہ کر دیا جائے گا جبکہ ہر 20 حاجی پر ایک ہیلتھ کمانڈر تعینات ہو گا ۔

مزیدخبریں