دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کا فیصلہ کل 17 جولائی کو سنائے گی۔پاکستانی وقت کے مطابق کیس کا فیصلہ شام 7 بجے سنایا جائے گا۔ فیصلہ سننے کے لیے پاکستان کی ٹیم اٹارنی جنرل کی قیادت میں ہیگ پہنچ گئی ہے۔
بھارت نے نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو کی بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ کلبھوشن کیس کی آخری سماعت 18 سے 21 فروری تک ہوئی تھی جس میں بھارت اور پاکستان کے وفود نے شرکت کی تھی۔
بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے کی تھی جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصور خان کر رہے تھے۔عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کا فیصلہ 21 فروری کو محفوظ کیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف ہیگ کے پیس پیلس میں فیصلہ سنائیں گے۔