اسلام آباد: سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک سے متعلق مبینہ ویڈیو کیس کی سماعت آج ہو گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ جج ارشد ملک کے خلاف دائر درخواستوں پر آج سماعت کرے گا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور سپریم کورٹ کے احاطے اور ریڈ زون میں 1 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمرہ عدالت میں داخلہ خصوصی پاسز کے ذریعے ہو گا جو ایس پی سیکیورٹی سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی اسٹاف سے تلاشی کے بعد سپریم کورٹ کی عمارت میں داخلہ ہو سکے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ کمرہ عدالت میں موبائل فون اور کیمرا لے جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔