اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا

اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا
کیپشن: لوگ اصول کی بات نہیں کرتے، اصول پر نہیں لڑتے بلکہ اصول پر ہنستے ہیں، عاشر عظیم۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ڈرامہ سیریل 'دھواں' سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں عاشر عظیم نے وطن چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا میں نے ملک چھوڑ دیا ہے کیونکہ میں مایوس ہو گیا ہوں۔ شریف یا زرداری کی وجہ سے نہیں یہ تو ہمیشہ ایسے ہی تھے تاہم میں یہاں کے لوگوں سے مایوس ہو گیا ہوں۔

عاشر عظیم نے مزید لکھا لوگ اصول کی بات نہیں کرتے، اصول پر نہیں لڑتے، اصول پر ہنستے ہیں۔ انہیں شریف، زرداری اور راؤ جیسے لوگ ہی ملیں گے اور بس نام تبدیل ہو جائیں گے۔

اپنے پیغام میں عاشرعظیم نے ڈرامہ سیریل 'دھواں' کا ایک سین بھی شیئر کیا  جس میں وہ یعنی اے ایس پی اظہر ڈرامے کے دیگر کرداروں کے ساتھ ملکی حالات پر گفتگو کرتے نظر آئے۔

شاہکار ڈرامے دھواں کے تقریباً 20 سال بعد عاشر عظیم نے اپنی فلم 'مالک' کے ذریعے شوبز میں واپسی اختیار کی تھی  لیکن اس فلم کو سنسر بورڈ کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم عاشر عظیم نے ہمت نہ ہاری اور سنسر بورڈ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا. بالآخر وہ کیس تو جیت گئے اور فلم بھی ریلیز ہوگئی لیکن اس سب قصے میں انہیں کافی زیادہ مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

عاشر عظیم  پاکستان کسٹمز میں ایک اہم عہدے پر تعینات تھے لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بناء پر انہوں نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دیا اور پھر پاکستان بھی چھوڑ دیا اور اب وہ کینیڈا میں ٹرک چلاکر  گزر بسر کر رہے ہیں جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں