پشاور: یکہ توت میں دھماکے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور نے نجی چینل سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے بیان دیا ہے کہ ہم نے ہارون بلور کو شہید کیا لیکن معاملہ اس کے برعکس ہے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ ہارون بلور کے قتل میں طالبان نہیں ہمارے اپنے ملوث ہیں۔
غلام احمد بلور نے شعر سناتے ہوئے کہا کہ دیکھا جو تیر کھا کر کمین گاہ کی طرف اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی۔ ہمیں ایسی ملومات ملی ہیں کہ اس واقعہ میں اپنوں کا ہاتھ ہے۔
غلام بلور کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کے قتل میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو اس واقعہ سے فائدہ پہنچا تاہم سانحے سے طالبان کو تو کوئی فائدہ نہیں ہونا تھا۔ ہمارے مخالفین سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں اور ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔
مزید پڑھیں: اے این پی امیدوار کے مہمان خانے پر فائرنگ، پارٹی نائب صدر داؤد اچکزئی زخمی
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دشمن ہمیں مارتے جائیں گے اور ہم لڑتے جائیں گے لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے میدان میں اتریں گے اور پی کے 78 میرے بیٹے شہید ہارون بلور کی نشست ہے وہاں ایسا امیدوار لائیں گے جو جیتے گا۔
یاد رہے گزشتہ دنوں پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور بھی اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اسٹیج کی جانب جا رہے تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے انہیں نشانہ بنا ڈالا۔ اس واقعے میں اے این پی رہنما سمیت 20 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں