اے این پی امیدوار کے مہمان خانے پر فائرنگ، پارٹی نائب صدر داؤد اچکزئی زخمی

08:55 AM, 16 Jul, 2018

چمن: صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) کے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر انجینئر زمرک اچکزئی کے مہمان خانے پر فائرنگ کے نتیجے میں پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق سینیٹر داؤد اچکزئی زخمی ہو گئے۔

لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ قلعہ عبداللہ کےعلاقے پیر علیزئی میں پیش آیا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے سابق سینیٹر کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ہالا: ٹریفک حادثے میں 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔ دوسری جانب پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ انجینئر زمرک اچکزئی پی بی 21 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے جلسے میں ہونے والے خود کش حملے میں سراج رئیسانی سمیت 100 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے تاہم اب یہ تعداد  149 تک پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور بھی اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اسٹیج کی جانب جا رہے تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے انہیں نشانہ بنا ڈالا۔ اس واقعے میں اے این پی رہنما سمیت 20 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں