سینیگال،فٹبال سٹیڈیم کی دیوار گرنے سے8 افراد ہلاک، 49 زخمی

06:44 PM, 16 Jul, 2017

ڈاکار:افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیؤپ سٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ڈیمبا ڈیؤپ سٹیڈیم میں دو فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بور اور یونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں سٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے 2۔1 کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشائیوں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے سٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی۔میدان سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ دھویں میں دیوار پھلانگنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ میدان میں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔
سٹیڈیم میں موجود ایک تماشائی چیکا مابا ڈیؤپ، جن کے ایک دوست کی اس حادثے میں موت ہو گئی، نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دیوار اچانک گر گئی اور ہمیں اسی وقت معلوم ہو گیا تھا کہ ہمارے جاننے والوں کی موت ہو گئی ہو گی کیونکہ دیوار سیدھی ان پر گری تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

مزیدخبریں