برازیل : خاتون سیاستدان کی شادی پر سیاسی مخالفین کا احتجاج، دلہن کو بکتر بند گاڑی میں رخصت ہونا پڑا

10:06 AM, 16 Jul, 2017

برازیلیا : برازیل میں ایک نوجوان خاتون سیاستدان کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب گرجا گھر میں ان کی شادی کی تقریب جاری تھی اور اسی دوران گرجا کے باہر ان کے سیاسی مخالفین نے احتجاج شروع کردیا ۔ مظاہرین نے ان پر انڈوں کی بارش کردی جس کے باعث پولیس کو طلب کرنا پڑا اور بیچاری سیاستدان دلہن کو بکتر بند گاڑی میں رخصت ہونا پڑا۔
بی بی سی کے مطابق 25 سالہ ماریا وکٹوریہ بروس صوبہ پرانا کی رکن اسمبلی ہیں اور ان کے والد صدر مائیکل ٹیمر کی حکومت میں وزیر صحت ہیں جبکہ ان کی والدہ صوبہ پرانا کی نائب گورنر ہیں۔ جمعہ کے روز سینکڑوں افراد اس چرچ کے باہر اکٹھا ہو گئے جہاں ماریا وکٹوریہ کی شادی کی تقریب جاری تھی۔مظاہرین نے ان پر انڈے پھینکے اور شدید نعرے بازی کی۔ حالات زیادہ خراب ہوئے تو اس وی وی آئی پی شادی کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا جبکہ ماریا وکٹوریہ بروس کو بکتر بند گاڑی میں رخصت ہونا پڑا۔
ماریا وکٹوریہ بروس نے الزام لگایا کہ یہ مظاہرے ان کی والدہ کے گورنر کے لیے انتخاب میں اترنے کے فیصلے سے منسلک تھا اور اس کوبائیں بازو کی جماعتوں اور یونینز کا مالی تعاون حاصل تھا۔انہوں نے بعض مہمانوں پر ہونے والے حملے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کی قیمت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

مزیدخبریں