کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حب میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے حب ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حب ماسٹر پلان کو کابینہ سے منظوری مل چکی ہے اور اس پر عمل درآمد حب ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حب کے جام غلام قادر ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے حوالے کیا جائے گا، جس سے علاقے میں صحت کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی، وزیراعلیٰ نے حب ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے لیے 25، 25 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔
سرفراز بگٹی نے حب میں نرسنگ کالج کے قیام کا بھی وعدہ کیا اور ساکران کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ مزید براں، گڈانی سے حب تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
ان اقدامات سے حب اور اس کے قریبی علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔