خیبرپختونخوا: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
ڈی آئی خان کی تحصیل درازیندہ کی یونین کونسل بہران میں 2 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ کیس گزشتہ سال دسمبر میں پولیو لیبارٹری کو بھیجا گیا تھا۔ 2024 کے دوران خیبرپختونخوا میں پولیو کے 22 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 72 تک پہنچ چکی ہے۔
اس سے قبل، قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے سندھ کے ضلع جیکب آباد میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی، جس کا نمونہ 27 دسمبر 2024 کو لیا گیا تھا، اور اس کے بعد 2024 میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 کے کیسز کی تعداد 71 ہو گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 2024 کی پہلی انسداد پولیو مہم 3 فروری سے شروع ہو گی اور 9 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ اس بیماری کا خاتمہ کیا جا سکے۔