لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی محنت اور عزم کی بدولت ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال لیا گیا ہے۔ لاہور میں "آسان کاروبار فنانس" اور "آسان کاروبار کارڈ" کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اب ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، اور عالمی سرمایہ کار پاکستان کی طرف متوجہ ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 11 روپے کی مزید کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کوئی بھی ملک انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اور پاکستان کو بھی انڈسٹریلائزیشن کی طرف قدم بڑھانا ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے "آسان کاروبار فنانس" اور "آسان کاروبار کارڈ" کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان منصوبوں کے تحت شہریوں کو تین کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ اس کے علاوہ، کاروباری افراد کے لیے بزنس پلان اور ہینڈ ہولڈنگ سسٹم بھی فراہم کیا جائے گا، اور چھوٹے کاروباروں کے لیے زمین رعایت پر دی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ سکیم خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ہے جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں پنک سالٹ کی کانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں بڑے تجارتی مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ بڑی صنعتوں کے لیے 50 لاکھ روپے مالیت کے سولر پینل مفت فراہم کیے جائیں گے تاکہ انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولیں گے اور پاکستان کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔