وزیراعظم شہباز شریف کا پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کا اعلان

12:28 PM, 16 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جائے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے انہیں بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے تفصیلی سروے جلد مکمل کیا جائے اور بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے خواتین انٹرپرینیورز کے لیے خصوصی پیکج تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ پیکج جلد پیش کیا جائے تاکہ خواتین کو بھی اس پروگرام سے بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز (چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار) معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ نہ صرف خود روزگار حاصل کریں بلکہ دیگر افراد کے لیے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔

مزیدخبریں