اسلام آباد: سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بنچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی، تاہم دوران سماعت یہ بات سامنے آئی کہ جسٹس عقیل عباسی اس کیس کا فیصلہ پہلے ہی سندھ ہائی کورٹ میں کر چکے ہیں، جس کے بعد سماعت جاری نہیں رکھی جا سکی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اس کیس کو آج نہیں چلایا جا سکتا اور فیصلہ کیا کہ کیس پیر کو پہلے والے تین رکنی بنچ کے ذریعے سنا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ بنانا پڑے گا، جسے پیر کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید وقت دینے کی درخواست کی، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ کیس پیر کو فکس ہونے دیں، پھر مہلت کے معاملے پر بات کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آفس کو معاونت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔