ہمارے عوام کبھی نہیں بھولیں گے کہ کس نے اس نسل کشی میں حصہ لیا،حماس رہنما

11:26 AM, 16 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ : حماس نے اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اپنے مقاصد میں ناکام رہی۔ حماس کے مطابق، اس معاہدے کا مقصد غزہ میں جنگ کو روکنا تھا اور یہ فلسطینی عوام کی استقامت اور ان کی مزاحمت کا نتیجہ ہے۔

غزہ میں حماس و مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے جنگ بندی معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن فلسطینیوں نے اس دوران قربانیاں دیں، ان کے خون کو نہ بھولا جائے گا اور نہ ہی معاف کیا جائے گا۔ انہوں نے خاص طور پر القدس بریگیڈ کے مجاہدین کو خراج تحسین پیش کیا اور ان تمام مزاحمتی گروپوں کے مجاہدین کا شکریہ ادا کیا جو اس جدوجہد میں شریک ہوئے۔

ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا کہ یہ کامیابی فلسطینی عوام کے عزم، جدوجہد، صبر اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، جن میں بچے، خواتین، بزرگ، علماء، مجاہدین، ڈاکٹرز، صحافی اور دیگر افراد شامل ہیں، جو اس جنگ میں شریک ہوئے۔

حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے بھی جنگ بندی معاہدے کو فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور غزہ میں 15 ماہ سے زائد عرصے تک مزاحمت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ فلسطینیوں کی جدو جہد کی فتح ہے۔

مزیدخبریں