غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

10:24 AM, 16 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ : غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، یہ جنگ بندی معاہدہ تین مراحل پر مشتمل ہوگا، اور اس کا پہلا مرحلہ چھ ہفتوں تک جاری رہے گا۔

پہلے مرحلے میں اسرائیلی فوج غزہ کی سرحد سے 700 میٹر تک اپنی موجودگی کو محدود کرے گی۔ اس دوران اسرائیل تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا جن میں 250 عمر قید کے قیدی بھی شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں، غزہ میں موجود 33 اسرائیلی مغویوں کی بھی رہائی کی جائے گی۔

اس مرحلے کے دوران اسرائیل زخمیوں کو علاج کے لیے غزہ سے باہر جانے کی اجازت دے گا۔ اس کے علاوہ، معاہدے کے آغاز کے سات روز بعد اسرائیل مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کھول دے گا۔ اسرائیلی فوج فلاڈیلفی راہداری سے پیچھے ہٹ جائے گی اور آئندہ مراحل میں اس علاقے سے مکمل طور پر واپس چلی جائے گی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہو چکا ہے، جس کے بعد 15 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ پہلے حماس نے اس معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تھی، اور حماس کے رہنما خلیل الحیہ کی سربراہی میں وفد نے قطر اور مصر کے ثالثوں کے سامنے جنگ بندی پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا تھا۔

مزیدخبریں