کراچی : ندا ڈا ر نے امپائرنگ کے قوانین سیکھ لیے۔ نداڈار کا کورس مکمل ہوگیا ہے اورا نہوں نے امپائرنگ کے قوانین کی باریکیوں کو سیکھ لیا ہے۔
قومی ویمن کپتان نے پی سی بی کے تحت لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والا چار روزہ ویمن امپائرز انڈیکشن کورس مکمل کرلیا ہے۔ آئی سی سی کے ایلٹ پینل آف امپائرز کے ممبر احسن رضا اور پی سی بی کے انٹرنیشنل امپائر آصف یعقوب کورس کے انسٹرکٹر تھے۔
کورس میں کرکٹ کے قوانین کی معلومات سمیت بنیادی تربیتی سیشنز منعقد ہوئے، تحریری امتحان کے بعد شرکا سے ون آن ون انٹرویوز کیے گئے۔کورس میں سابق ویمن انٹرنیشنل کرکٹر سخن فیض و دیگر خواتین بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر کپتان قومی ویمنز ٹیم ندا ڈار کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت اہم کورس تھا کیونکہ اس نے مجھے کھیل کے قوانین کو زیادہ باریک بینی سے سمجھنے میں مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نوجوان لڑکیوں کے لیے رول ماڈل بننا چاہتی تھی اور انہیں امپائرنگ کے میدان میں آنے کی ترغیب دینا چاہتی تھی۔
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ کورس میں ایلیٹ پینل کے امپائرز کے اشتراک سے تجربات بہت قیمتی تھے اور مستقبل میں ہم سب کےلیے مددگار ثابت ہوں گے۔