پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ خالد مسعود سندھو کی قیادت میں 2020 سے کچھ عرصہ قبل وجود میں آئی۔ایک ماہر قانون دان ہوتے ہوئے خالد مسعود سندھو نے اپنی زندگی عوام کی خدمت میں گزاری اور اسی وژن کو آگے بڑھاتے دیگر دوستوں اور محب وطن افراد کو ایک لڑی میں پروکر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی داغ بیل ڈالی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 2022 میں یہ باقاعدہ سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹرڈ ہوئی ۔آغاز میں یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی اور خدمت خلق کے کاموں سے سیاست کا آغاز کیا گیا۔ سال بھر کی محنت کے بعد مئی 2023 میں کراچی میں اتحاد کانفرنس کے ساتھ پہلا باقاعدہ سیاسی پاور شو کیا گیا۔
اس جلسہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی کہ انتشار کے اس ماحول میں اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے، اتحاد کانفرنس کا یہ سلسلہ بعد ازاں کوئٹہ اور پشاور میں بھی جاری رہا۔ 28 مئی 2023 کو پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ تکبیر کانفرنس کے نام سے کیاجس میں لاکھوں افراد شریک ہوئے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی یہ اٹھان دیکھ کر ملک بھر سے محب وطن اور خدمت کی سیاست کا جذبہ رکھنے والے افراد نے مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔ مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت اختیارکرنے والوں میں ملک بھر سے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد شامل ہیں جنہیں مرکزی صدر اور دیگر کابینہ نے بلا تفریق مذہب و مسلک اور ہمہ اقسام لسانی و صوبائی تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
یہی وجہ ہے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے گلدستہ میں چاروں صوبوں میں ہر طبقہ اور قوم کے افراد کی بھرپور نمائندگی پائی جاتی ہے۔ اسی باعث پاکستان مرکزی مسلم لیگ درست معنوں میں ایک ایسی قومی جماعت بن کر ابھری ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی مسلم لیگ کا تسلسل ہے اور وطن عزیز کو اسلامی فلاحی پاکستان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔