کراچی: سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لیکر چلنے پر پابندی عائد کردی ۔
محکمہ داخلہ سندھ نے دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش پر 45 روز کے لیے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کے موقع پر اسلحہ لیکر چلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ تاہم، رجسٹرڈ سکیورٹی کمپنیز کے گارڈز ڈیوٹی اوقات میں اسلحہ لیکر چل سکتے ہیں۔
نگران حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق دوران سفر گاڑی میں اسلحہ لہرانے پر بھی پابندی عائد ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق عام انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے یہ اقدام ضروری ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا، سکیورٹی کمپنی کے گارڈز اسلحہ صرف ڈیوٹی والی جگہ پر رکھیں گے۔ نجی سکیورٹی کمپنی کے افراد گاڑیوں پر اسلحہ کی نمائش نہیں کرسکیں گے، ضرورت کے مطابق اسلحہ گاڑی کے اندر رکھا جاسکتا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کہا گیا کہ حکومت نے آئی جی سندھ پولیس کی درخواست پر پابندی عائد کی ہے۔