لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت ایوانِ اقبال لاہور میں ساتویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کا انعقادکیا گیا۔
تقریب میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سید احسان اللہ وقاص، ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، موٹیویشنل اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، کمپیوٹر سائنٹیسٹ ڈاکٹر عمر سیف، انوائرمنٹل لائر رافع عالم، مذہبی سکالر ساحل عدیم، مایہ ناز کوہ پیما شہروز کاشف، ڈیجیٹل انفلینسر فیصل وڑائچ، لیجنڈ والنٹیرز ڈاکٹر گوہر شاہ، سیدہ اوج فاطمہ، ڈاکٹر غلام سرور، کشف شاہ، فرمان اللہ اور دیگر مہمانان گرامی موجود تھے۔
ملک بھر کی 20 سے زائد جامعات کے 2 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ساتویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کا سلوگن ”راہ نور“ تھا۔ الخدمت یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت سے روشناس کروانا اور وہ بحیثیت طالبعلم کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں، کا شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر پروفیسر جاوید اقبال نے کہا کہ ہمیں فرد کو فرد کے لیے نہیں بلکہ فرد کو معاشرے کے لیے تیار کرنا ہے۔
پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانیت کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات ہماری نوجوان نسل کی راہنمائی کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے اور ملک کے روشن مستقبل کےلیے سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں اور خاص طور پر کالجز اور یونیورسٹیوں کے اندر رضاکارانہ خدمات کے فروغ کے لیے الخدمت یوتھ گیدرنگ جیسے پروگرام بہت سودمند ثابت ہوتے ہیں۔ اخلاقیات، نوجوان نسل اور معاشرے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے ساحل عدیم نے کہا کہ ہماری اپنی اسلامی اقتدار ہیں اور ہمیں اخلاقیات قرآن و سنت سے ہی لینی چاہیے نہ کہ مغرب کے بنائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ فیصل وڑائچ نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کروانا ہماری زمہ داری ہے۔
مسز پروین عبدالتواب نے کہا کہ انسانی خدمت خدا کی قربت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس نیک مقصد کے لئے نوجوان نسل سمیت ہم سب کو مل کر بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ اس کارخیر کو آگے بڑھانا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ یوتھ گیدرنگ کا مقصدخدمت خلق کے جذبہ سے سرشار نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اوریہ بتانا تھا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں رہتے ہوئے کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے کہا اس طرح کے پروگرامز نوجوانوں میں جوش و ولولہ بڑھانے کا کام کرتے ہیں ۔