پی ٹی آئی سے کسی صورت بات نہیں ہوگی : سعید غنی، کراچی میں جماعت اسلامی سے مل کر حکومت بنانے کا عندیہ 

پی ٹی آئی سے کسی صورت بات نہیں ہوگی : سعید غنی، کراچی میں جماعت اسلامی سے مل کر حکومت بنانے کا عندیہ 
سورس: File

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ہم سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔ شہر میں اپنا میئر لانے کے لیے رابطے کریں گے۔انہوں نے جماعت اسلامی سے مل کر حکومت بنانے کا عندیہ بھی دیا۔ 

  

کراچی میں نیوز کانفرنس میں سعید غنی کا کہنا تھا الیکشن میں ثابت ہوا کہ سابقہ جنرل انتخابات میں ڈاکا ڈالا گیا تھا، پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے۔ ان کا کہنا تھا 1970 کے الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی کو کراچی سے بھرپور ووٹ پڑا تھا جن لوگوں کے لیے اچانک والی خبر ہےکہ پیپلزپارٹی پہلی مرتبہ جیتی ہے تو یہ تاثر غلط ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے گی ۔ ہماری خواہش تھی کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی، ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے ۔ ایم کیو ایم کا حق ہے کہ احتجاج کرے ۔ہمارا تحریک انصاف سے بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا جماعت اسلامی نے کراچی میں کافی نشستیں جیتی ہیں جس پر حافظ نعیم الرحمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ کراچی میں پی ٹی آئی کے میئر کی نشست پر امیدوار اپنی نشست بھی نہ جیت سکے۔  اب تک کے نتائج کے بعد ہم 100 کے قریب یو سیز جیت چکے ہیں، جماعت اسلامی پیپلزپارٹی سے تھوڑا ہی پیچھے ہے، مجموعی طورپر جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کی سیٹوں کا واضح نمبربنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم نے ملیر سے 21، جنوبی سے 16، سینٹرل میں 5، کورنگی میں 6 سے زائد نشستیں جیتی ہیں، کیماڑی میں ہم 25، ویسٹ میں 16 سے 18 اور ایسٹ میں 15، 16 نسشتوں پر جیت رہے ہیں۔

  

سعید غنی کا کہنا تھا حافظ نعیم الرحمان کو رات کو فون کیا اور بتایا کہ ہمیں بھی نتائج نہیں مل رہے، جب یہ شکایات آرہی تھیں تو ذمے داران سے رابطہ کیا تھا، وجہ بتائی گئی کہ مختلف مقامات پر ڈیوٹی دینے والےافراد غیر تربیت یافتہ تھے ۔

مصنف کے بارے میں