کراچی : سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن 16 اضلاع میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی دونوں جیت کے دعوے کر رہے ہیں جبکہ حیدر آباد میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ ختم ہونے کے تقریبا ساڑھے نو گھنٹے بعد نتائج آنا شروع ہوئے۔ کراچی کی 246 یوسیز میں سے 116 یوسیز کے نتائج سامنے آگئے جن میں پیپلزپارٹی 59 یوسیز کے ساتھ پہلے، جماعت اسلامی 29 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی 20 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
کراچی میں میں اب تک مسلم لیگ (ن) نے چار، جے یو آئی (ف) نے 2 جب کہ ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔
کراچی کے ضلع جنوبی کے چیئرمین کا نتیجہ مکمل ہوگیا جس میں 26 میں سے 15 یونین کمیٹیز پر پیپلز پارٹی اور 9 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے، ضلع جنوبی میں ایک نشست پر تحریک لبیک کا پینل منتخب ہوا اور ایک نشست پر انتخاب ملتوی ہوگیا۔
لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں اور پی ٹی آئی ایک نشست پر کام یاب ہو سکی ہے۔
صدر ٹاؤن کی تمام 13 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں پی ٹی آئی اب تک 8 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاؤن کی 4 نشستیں حاصل کی ہیں، صدر ٹاؤن کی ایک نشست تحریک لبیک نے حاصل کی ہے۔
ملیر ٹاؤن کی 10 میں سے 5 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں، ان میں سے چار پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے، گلبرگ ٹاؤن کی 8 نشستوں میں سے 3 کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تینوں نشستیں جماعت اسلامی نے جیت لی ہیں۔
لیاقت آباد ٹاؤن کی ایک نشست کےنتائج سامنے آئے ہیں جو جماعت اسلامی نےجیتی ہے جب کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڑی پور کی 3 نشستوں میں سے 2 پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کیماڑی کی 2 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے ایک ایک نشست جیتی ہے جب کہ ابراہیم حیدری ٹی ایم سی سے ایک نشست پیپلز پارٹی نے جیتی ہے۔
کراچی کے الیکشن کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے ہیں۔ خرم شیر زمان کو صدر ٹاؤن یوسی 11 سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کیے۔
خرم شیر زمان اس علاقے سے دس سال سے ایم پی اے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کا امیدوار بھی قرار دیا جا رہا تھا، رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود وہ یوسی چیئرمین کی نشست پر لڑ رہے تھے۔
دوسری جانب پولنگ ختم ہونے کے گھنٹوں بعد بھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور نتائج کی رفتار سست ہے، ضلع وسطی، کورنگی اور شرقی کے نتائج میں تاخیر ہے۔