محمد آصف کو دیکھ کر ووبل سوئنگ سیکھی، جیمز اینڈرسن کا انکشاف

11:10 PM, 16 Jan, 2022

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2010 میں پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد آصف کو دیکھ کر ووبل سوئنگ کرانا سیکھی۔ 
ٹیسٹ کرکٹ میں 640 وکٹیں لینے والے 39 سالہ جیمز اینڈرسن نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوکابورا کی گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوتی جس کی وجہ سے 2010-11 سیزن میں کھیلی گئی ایشز سیریز سے پہلے ووبل سوئنگ سیکھنے کی ضرورت پڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران میں نے محمد آصف کو ووبل سوئنگ کراتے دیکھا اور پھر اس پر کام شروع کر دیا اور ایشز سیریز میں اچھی باؤلنگ کرانے میں کامیاب رہا۔ 


جیمز اینڈرسن نے بتایا کہ اس وقت ڈیوڈ سیکر ہمارے باؤلنگ کوچ تھے، جنہوں نے بتایا کہ کوکا بورا کمپنی کی گیند زیادہ دیر تک سوئنگ نہیں ہوتی لہٰذا آسٹریلیا میں کامیابی کیلئے ایک فاسٹ باؤلر کے پاس اہم ہتھیار بھی ہونا چاہئے۔ 
سال 2010ءمیں ہم نے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلی جس دوران محمد آصف نے ایسی ڈلیوریز کیں جن میں گیند ہلکا سا ’ووبل‘ کرتا تھا، وہ سوئنگ ہو رہا تھا نہ ہی سیم، محمد آصف بس سیم پر قابو پا رہے تھے۔ گرمیوں کا پورا سیزن ووبل سوئنگ پر کام کیا اور آسٹریلیا میں آسانی سے اس کا استعمال کیا جس کی وجہ سے مجھے کامیابی بھی ملی۔‘ 
واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی محمد آصف کی صلاحیتوں کے معترف ہیں مگر ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 2010ءمیں سپاٹ فکسنگ کے باعث پابندی پر ختم ہوا۔ انہوں نے 23 ٹیسٹ، 38 ون ڈے انٹرنیشنل اور 11 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 165 وکٹیں حاصل کیں۔ 

مزیدخبریں